اسلامی اتحاد ہی ہماری بقاء ہے۔ کشمیر کے علماء کا تاریخی اتحاد نامہ
بسم الله الرحمن الرحیم
ہم، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، آغا سید محمد بادی الموسوی الصفوی، مولانا مسرور عباس انصاری اور تمام ائمہ جمعہ اس بات پر متفق ہیں کہ کشمیر کے مسلمانوں کے درمیان شیعہ سنی اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ قرآن اور اہل بیت کی تعلیمات ہمیں باہمی محبت ، عدل، اور ہم آہنگی کی طرف بلاتی ہیں۔
ہم تمام اہل کشمیر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اختلاف و تفرقہ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہیں، کیونکہ اسلام کے دشمن ہماری تقسیم سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اتحاد کے حوالے سے ہم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے ان تمادی سے رہنمائی لیتے ہیں جن میں واضح طور پر اہل سنت کے مقدسات، ازواج رسول ، اور صحابہ کرام کے احترام کو لازم قرار دیا گیا ہے۔
صحابہ کرام سے متعلق متنازعہ بیانات جن سے ہمارے سنی بھائیوں کے جذبات مجروح ہوئے، مراجع عظام کے فتاوا کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے بلکہ مطلقا حرام ہے۔ لہذا یہ کسی کی ذاتی اور انفرادی رائے ہو سکتی ہے جس سے ہم واضح طور پر اظہار برائت کرتے ہیں۔
ہم متحدہ مجلس علماء سے بھی کہنا چاہتے ہیں کہ ان مفتیان اور واعظین پر بھی روک لگائی جانی چاہیے جو اہل تشیع کے مقدسات اور اہلبیت اطہار علیہم السلام شان میں گستاخی کرتے ہیں جس کی وجہ سے محبان اہلبیت علیہم السلام کے دل مجروح ہوئے ہیں۔ نیز جو افرادان متنازعہ ویڈیوز کو اپنے تاثرات کے ساتھ اشاعت کرتے ہیں وہ اس گناہ عظیم میں برابر کے شریک ہیں۔
ہم کشمیر کے مسلمانوں کو یاد دلاتے ہیں کہ ہمارے درمیان تاریخی رشتے، مشتر کہ قربانیاں، اور مشترکہ دینی ورثہ موجود ہے۔ ہمیں امام خمینی کا وہ فرمان یا درکھنا چاہیے کہ جو لوگ شیعہ سنی کو آپس میں لڑاتے ہیں وہ نہ شیعہ کے ہمدرد ہیں نہ سنی کے۔
اس وقت بین المذاہب مکالمے کی اشد ضرورت ہے ایسے مکالموں کو عملی شکل دینا لازمی ہے اور شہر شہر قریہ قریہ جاکر عملی طور پر عوام کو اس مطلوب امر کی تلقین کی جانی چاہیے تا کہ فتنے کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔
ہم عبد کرتے ہیں کہ کسی بھی تفرقہ انگیز شخص یا عمل سے خود کو الگ رکھیں گے اور کشمیر میں اتحاد، محبت ، اور باہمی احترام کی فضا کو مضبوط کریں گے۔
اللہ تعالی ہم سب کو دین مبین کے اتحاد پر قائم رکھے اور امت مسلمہ کو اختلاف و تفرقہ سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔
والسلام
آغا سید حسن الموسوی الصفوی، آغا سید محمد بادی الموسوی الصفوی، مولانا مسرور عباس انصاری و ائمه جمعه