25 محرم کے جلوسِ عزا کی تیاریوں کا جائزہ،
یوم شہداء کے موقع پر آغا سید حسن، آغا سید مجتبٰی اور میر واعظ عمر فاروق کی خانہ نظر بندی کی شدید مذمت
سرینگر: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا ایک خصوصی اجلاس آج آرہ بل شالیمار میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے تمام مرکزی، ضلعی، زونل اور دہی کمیٹیوں کے اہم عہدیداران نے شرکت کی۔
افسوسناک امر یہ رہا کہ انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی، ان کے نمائندہ حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی کو یوم شہداء کے موقع پر غیر قانونی طور پر خانہ نظر بند کیا گیا، جس کے سبب وہ اس اہم اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔
اجلاس میں اس جابرانہ اور آمرانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اراکین نے اس اقدام کو نہ صرف طاقت کے بے جا استعمال، بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی اور آزادیٔ اظہار پر حملہ قرار دیا، بلکہ اسے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دینی قیادت کو عوام سے دور رکھنے کی کوشش سے تعبیر کیا۔ یہ طرز عمل غیر جمہوری، غیر آئینی اور قابلِ تشویش ہے، جسے ہر ذی شعور شہری مسترد کرتا ہے۔
اجلاس میں 25 محرم الحرام، یوم شہادت سید الساجدین امام زین العابدین علیہ السلام، کے موقع پر شالیمار میں برآمد ہونے والے جلوسِ عزا کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ طے پایا کہ جلوس حسب روایت آرہ بل شالیمار سے برآمد ہو کر مین روڈ شالیمار پر اپنے روایتی راستے سے گزرے گا۔
اہلیانِ شالیمار کے جذبۂ حسینیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اجلاس میں کہا گیا کہ جلوسِ ذوالجناح میں شریک ہزاروں عزاداروں کی میزبانی اور جس محبت و عقیدت سے علاقے کے لوگ پیش آتے ہیں، وہ ناقابل فراموش اور قابلِ تحسین ہے۔
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ علاقے میں سرگرم دینی، فلاحی اور سماجی انجمنیں حسبِ روایت جلوسِ عزا کے دوران اپنی گراں قدر خدمات پیش کریں گی۔ سرکاری و نجی ٹرانسپورٹ اداروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ عزاداروں کی سہولت کے لیے تعاون فراہم کریں۔
نوحہ خوان حضرات، ذاکرین، اور حلقہ ہائے عزاداری سے خلوص دل سے اپیل کی گئی کہ اگر ان کے علاقوں میں 25 محرم کو جلوسِ عزا منعقد نہیں ہوتا، تو وہ شالیمار کے مرکزی جلوس میں شرکت فرما کر امام سجاد علیہ السلام کو اجتماعی طور پر خراج عقیدت پیش کریں۔
تمام عزاداروں سے گزارش کی گئی کہ وہ جلوس دوران انجمن شرعی شیعیان کے رضاکار نوجوانوں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی قائم رکھیں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، تاکہ جلوس عزاداری کے وقار، تقدس اور امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہو