ناجن سمبل میں اندر کلچرل فورم سوناواری کا اہم اجلاس، سالانہ ادبی رسالہ شائع کرنے کی منظوری

0

ناجن سمبل سوناواری میں اندر کلچرل فورم سوناواری کشمیر کا ایک اہم اور بامقصد اجلاس فورم کے دیرینہ رکن ذاکر محمد رمضان ملہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اندر کلچرل فورم کے صدر اور بانی سلیم یوسف چلکی نے کی، جبکہ فورم کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں فورم کی سرگرمیوں، ادبی و ثقافتی فروغ اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی اور سنجیدہ غور و خوض کیا گیا۔ خصوصی طور پر فورم کی جانب سے سالانہ ادبی رسالہ (میگزین) شائع کرنے کے موضوع پر مفصل بحث ہوئی، جس میں اراکین نے اپنی قیمتی آرا پیش کیں۔ بحث کے اختتام پر باتفاقِ رائے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اندر کلچرل فورم سوناواری کے زیر اہتمام ایک معیاری سالانہ ادبی رسالہ شائع کیا جائے گا، جس کا مقصد خطے کی ادبی، ثقافتی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہوگا۔

اجلاس کے دوران دیگر اہم معاملات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی، جن میں فورم کی تنظیمی مضبوطی، ادبی پروگراموں کے انعقاد اور نوجوان نسل کو ادب و ثقافت سے جوڑنے کے طریقۂ کار شامل تھے۔ اجلاس میں چند اراکین، جن میں گلفام بارجی اور شوقین سونمی شامل ہیں، نے آن لائن شرکت کر کے اپنی تجاویز اور خیالات پیش کیے۔

اجلاس میں جن اراکین نے بالمشافہ شرکت کی ان میں توفیق طالب، غلام حسن حسن، میر رفیق، گلفام نوگامی، میر مزمل، محمد رمضان ملہ اور دیگر شامل تھے۔ تمام اراکین نے فورم کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کے فوراً بعد ایک باوقار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں موجود شعرا نے اپنا منتخب اور معیاری منظوم کلام پیش کیا۔ شعرا کی شاعری کو سامعین کی جانب سے بھرپور دادِ تحسین حاصل ہوئی اور محفل ایک خوشگوار ادبی ماحول کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اندر کلچرل فورم سوناواری کے اراکین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فورم آئندہ بھی ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی سرگرمیاں اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.