سرینگر: مولود کعبہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریبات چک باغ حضرت بل سرینگر، مرکزی امام باڑہ بڈگام اور باب العلم ہائر سکنڈری سکول بڈگام کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئیں جن میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ معلمین و منتظمین اور عوام نے شرکت کی۔
مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ تقریب سےعلمائے دین حضرات نے امام امیر المومنین کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی انجمن شرعی شیعیان صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نےاپنے پیغام میں عالم اسلام کو امیر المومنین علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت و باسعادت کی تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور مسلمین عالم کے اخوت و اتحاد کیلئے دعا کی۔
سرینگر اور بڈگام میں جن علمائے کرام نے مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ان میں حجت الاسلام آغا مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے چک باغ حضرت بل میں جشن مولود کعبہ ؑ کی ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولائے کائنات سے محبت و عقیدت کے تقاضوں سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ مولا علی ؑ نے اسلام کی دعوت و ترویج میں رسول اکرم ؐ کے شانہ بہ شانہ ہر محاذ پر عظیم خدمات انجام دیں اور اسلام و پیغمبر اسلام کی نصرت و حمایت کے وہ سنگ میل طے کئے، جو تاریخ اسلام کے درخشان ابواب کی حیثیت رکھتے ہیں اس ضمن میں جن علمائے دین نے مؤمنین کو ولادتِ باسعادت حضرت امیر المومنین علی علیہ السّلام کی مناسبت مستفید فرمایا، ان میں نمائندہ میر واعظ کشمیر مولانا سید شمس الرحمٰن، حجت السلام آغا سید محمد عقیل الموسوی، حجت السلام سید یوسف الموسوی، ، حجت السلام سیدمحمد حسین الموسوی،، حجت السلام سیدارشد حسین الموسوی، حجت الاسلام مولوی نثار حسین صاحب، حجت السلام مولوی امتیاز حسین صاحب، حجت السلام سید حسین صاحب وغیرہ قابل ذکر ہیں