پیر پنچال کے آر پار موسم نے پھر بدلی کروٹ ، شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں برفباری
تازہ برفباری کے شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا، معمول کی زندگی میں بھی خلل, 18جنوری شام تک برفباری کی پیشگوئی ،تازہ برفباری کے بعد کچھ ایک علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند
سرینگر /16جنوری / سی این آئی // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ ، پہلگام اور دیگر بالائی علاقوں میں جم کر برفباری ہوئی جبکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک تازہ برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔ اسی دوران بیشتر میدانی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد رابطہ سڑکیں پھر سے بند ہوئی ۔ تازہ برفباری کے باعث شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق پیر پنچال کے آر پار 18جنوری تک موسمی صورتحال جو ں کی توں رہے گی ۔
جمعرات کی صبح سے موسم میں تبد یلی آتے ہوئے شہر سرینگر سمیت وادی کے بالائی و میدانی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ پہلگام ، ٹنگمرگ ، شوپیان ، بڈگام اور دیگر کئی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ رات کے دوران سے ہی گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں پر بھی برف و باراں کا سلسلہ شروع ہواجو آخری اطلاعات ملنے تک وقفہ وقفہ سے جاری تھی جبکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں جمعرات کی صبح سے ہلکی برفباری ہوئی جبکہ بعد دوپہر وادی کے کئی میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔
ادھر جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے ۔ ضلع بڈگام کے دور دراز علاقوں میں بھی شدید برفباری سے سخت سردی پیدا ہوئی۔ اس دوران مغل روڑ اور اس کے گردونواح علاقوں میں ہوئی برفباری سے مغل روڑ کو ٹریفک کی آواجاہی کےلئے بند کردی گئی ہے ۔ اس دوران زوجیل اور سونہ مرگ میں ہوئی بھاری برفباری کے نتیجے میں سرینگر لہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آواجاہی بند کردی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی صبح سیاحتی مقام پہلگام، سونہ مرگ، زوجیلا پاس، گاندربل، بڈگام کے بالائی علاقوں، گریز اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں، پلوامہ، کولگام اور اننت ناگ اضلاع اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھی تازہ برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جنوری کو کشمیر میں کہیں کہیں ہلکی برفباری یا ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس دوران جموں صوبے میں بھی ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 17 جنوری سے 19 جنوری تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی متوقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 19 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔متعلقہ محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 اور 21 جنوری کو بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری کی توقع ہے۔
اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی تھی۔شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔اسی طرح سے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔جبکہ سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اورقصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔اسی طرح سے دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی17.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔