چلہ کلان کے آخری ایام میں بھی ٹھٹھرتی سردی جاری ، بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں بہتری

 20 اور23 جنوری کو درمیانی درجے کی برفباری سے زمینی و فضائی رابطہ منقطع ہو سکتا ہے / محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

0

سرینگر /19جنوری / سی این آئی //     ماہ چلہ کلان کے آخری ایام میں بھی لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے ۔ شہر ہ آفاق گلمرگ اور سیاحتی مقام پہلگام کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ۔

ادھر محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ درمیانہ درجہ کی برفباری ہونے کا امکان ہے جبکہ برفباری سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ عارضی طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔

سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میںدن بھر کھلی دھوپ نکلنے کے باعث شبانہ سردیوں میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسی طرح سے شہرہ آفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.4ڈگری سیلشس جبکہ پہلگام میں رات کے درجہ حرارت میں مزید بہتری آئی اور گزشتہ رات منفی 3.4ڈگری کے مقابلے میں شبانہ درجہ حرارت منفی 3ڈگری سیلشس درج کیا گیا۔ کپواڑہ میں اتوار کو کم از کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری کے مقابلے میں منفی 2.6ڈگری سیلشس جبکہ کوکرناگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 3.4ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس بات کی پیشگوئی کی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کے بعد 20 جنوری کی شام سے موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے جس کا سلسلہ 24جنوری شام تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 20 اور 21 جنوری کے دوران کچھ ایک مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور 22 جنوری کو جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور جموں کے کئی مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی چناب اور پیر پنجال رینج کی بلندی پر بھی ہلکی سے درمیانی برف باری ہو سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.