میر گنڈ بڈگام میں عظیم الشان تقریب جشن ولادت امام زمانہ (عج) کا انعقاد
آغا سید حسن نے بچوں کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کیا۔
بڈگام: انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میں حضرت امام زمانہ (عج) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجت الاسلام والمسلمين آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔آغا صاحب نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام بالخصوص پیروان امامت و ولایت کو امام زمانہ کی ولادت کی خوشی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر انہوں نے بشریت کی امن و سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے دعا کی۔ آغا صاحب نے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے پروگرامز کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محفل میلاد میں مختلف مکاتب کے بچوں نے رنگا رنگ ثقافتی اور دینی پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر علمائے دین، حوزہ علمیہ کے اساتذہ کرام، ائمہ جمعہ اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم سے ایک پر وقار ریلی کا آغاز ہوا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں اور مومنین نے شرکت کی۔ ریلی مرکزی امام بارگاہ بڈگام تک پہنچی جہاں اس کا اختتام ہوا۔
اس تقریب کا مقصد امام زمانہ (عج) کی ولادت کے پر مسرت موقع پر اہل تشیع کو خوشیوں کا پیغام دینا اور دینی شعور کو فروغ دینا تھا