کہیں ہلکی برفباری اور کہیں بارشیں ،سردی کی لہر پھر لوٹ آئی ،درجہ حرارت میںکمی
02فروری تک جزوی طور پر ابر آلود موسم ، 03مارچ کو پھر وسیع بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
سرینگر / ٹنل کے آر پار کہیں ہلکی تو کہیں بھاری بارشوں اور برفباری کے بعد موسم میں کچھ حد تک بہتری آئی ۔ موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی دن بھر دھوپ چھاو کا کھیل جاری رہا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 06مارچ تک موسم مجموعی طو رپر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بیچ بیچ میں مزید بارشیں اور برفباری ہونے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین پیر پنچال کے آر پار بھاری سے ہلکی برفباری اور بارشوں کے بعد موسمی صورتحال میں سنیچروار کی صبح سے بہتری آئی جس دوران بارشوں اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ سمیت بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اننت ناگ، زوجیلا پاس، بانہال، سادھنا پاس، اور کپوارہ میں مژھل اور بانڈی پورہ کے رازدان پاس میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں رات بھر کی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر میں میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی اور اونچی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی برفباری ہوئی اور درمیانی سے بھاری برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے، اس خطے کے کئی حصوں میں دن کے درجہ حرارت میں 6سے 14ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر صوبے میں رات کا درجہ حرارت کافی گر گیا جس دوران سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں زیادہ تر مقامات پر موسم صاف رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 02مارچ تک موسم مجموعی طو ر پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی برفباری اور بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 03مارچ کو جموں کشمیر میں ایک اور مغربی ہوا جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر بارشوںاو ر برفباری ہونے کا امکان ہے ۔ا دھر تازہ بارشوں اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کافی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ گزشتہ کئی دنوں کے خوشگوار موسم کے بعد سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ہے ۔