نیشنل کانفرنس کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کی افواہیں بے بنیاد
ریاست کی بحالی اکیلے کانگریس پارٹی کا نہیں بلکہ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا بنیادی مسئلہ/ طارق قرہ
سرینگر / نیشنل کانفرنس کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے جموں و کشمیر کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کہا کہ ان کی پارٹی مرکزی علاقے میں عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کا بہت زیادہ حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی بحالی اکیلے کانگریس پارٹی کا بنیادی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا بنیادی مسئلہ ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر وعدوں کے باوجود ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔
جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے جموں کشمیر صدر طار ق حمید قرہ نے کہا نیشنل کانفرنس کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کی افواہوں کو مسترد کیا ۔ انہوں نے توقع کی کہ جلد ہی کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے ارکان پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی۔انہوں نے کہا ”ہم ریاست کی بحالی اور لوگوں اور کارکنوں سے ملنے کی مہم پر ہیں۔
کانگریس کا اپنا انتخابی حلقہ ہے اور جہاں ہم ریاست جیسے مسائل پر اپنے پروگراموں کے بارے میں لوگوں سے بات کرتے ہیں وہیں وہ مختلف پریشانیوں کے بارے میں بھی بات کرتے ہیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مسائل کو حکومت کے ساتھ حل کرنے کے لیے اٹھائیں“ ۔
قرہ نے کہا ”ہم حکومت کا حصہ ہیں۔ ہم حکومت کو مشورہ دے سکتے ہیں۔ ہم لوگوں کے مسائل اٹھا سکتے ہیں اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ لوگوں کے مسائل پر بات نہ کی جائے تو یہ لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔ “ انہوں نے کہا ” ریاست کی بحالی اکیلے کانگریس پارٹی کا بنیادی مسئلہ نہیں ہے۔
یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا بنیادی مسئلہ ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر وعدوں کے باوجود ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے رہنما خطوط بھی ہیں کہ ریاست کی حیثیت کو جلد از جلد بحال کیا جانا چاہئے۔ “
انہوں نے حال ہی میں سرینگر میں وزیر صحت اور تعلیم سکینہ ایتو کی زیر صدارت ایک سرکاری میٹنگ میں شرکت کرنے والے اپنے بیٹے ولید، جو ایک میڈیکل ڈاکٹر ہیں، کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ وہ مرکزی شالٹینگ سیٹ کے حلقہ انچارج کی حیثیت سے وہاں موجود تھے۔
انہوں نے کہا ” میں جموں میں دور تھا اور اس کے مطابق انہیں حلقہ انچارج کے طور پر نامزد کیا۔ یہ نظیر رہا ہے اور یہ پہلی بار نہیں ہو رہا ہے“۔