کیپٹن ہنسجا شرما جموں کشمیر سے بھارتی فوج کی پہلی خاتون رودرا ہیلی کاپٹر پائلٹ
جموں کی ہنسجا شرما نے بھارتی فوج کے جدید جنگی رودرا ہیلی کاپٹر کو اڑانے کے لیے اہل قرار پائی ہیں۔
جموں: سرحدی ضلع جموں میں 9 مارچ 1998 کو پیدا ہونے والی کیپٹن ہنسجا شرما نے تاریخ رقم کرتے ہوئے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ بھارتی فوج کے جدید جنگی رودرا ہیلی کاپٹر کو اڑانے کے لیے اہل قرار پائی ہیں۔
ان کی یہ کامیابی نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر سمجھی جاتی ہے۔ کیپٹن ہنسجا شرما نے اپنی ابتدائی تعلیم جموں کے سینٹ زیویئرزکانوینٹ، برنائی سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے پریڈ کالج جموں سے گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں یونیورسٹی آف جموں کے شعبہ زولوجی میں تعلیم حاصل کی۔ تعلیم کے دوران ہی ان میں بھارتی فوج میں شامل ہونے کا جذبہ پیدا ہوا اور بالآخر ان کا انتخاب بھارتی فوج میں ہوگیا۔
ملک کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے شہر نیشک میں واقع کامبیٹ آرمی ایوی ایشن ٹریننگ اسکول میں تربیت کے دوران کیپٹن ہنسجا شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہیں سلور چیتا ٹرافی سے نوازا گیا، جو اس ادارے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو ملی۔ اس وقت وہ 251 آرمی ایوی ایشن اسکواڈرن کی قیادت کر رہی ہیں اور اس دوران رواں ماہ جنوری 2026 کو راجستھان میں منعقدہ آرمی ڈے پریڈ کے دوران انہوں نے ہلینا میزائل سسٹم کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا کامیاب مظاہرہ کیا۔جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
کیپٹن ہنسجا شرما کے اہل خانہ کے مطابق بغیر کسی کوچنگ کے انہوں نے بھارتی فوج میں شمولیت حاصل کی۔ ان کا یہ سفر آسان نہیں تھا۔ ابتدا میں انہیں ٹیمپریری ریجیکشن کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ محض 15 دن کے اندر تین گھنٹے طویل ناک کی سرجری کروا کر دوبارہ خود کو پیش کیا اور بالآخر بھارتی فوج میں کمیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
کیپٹن ہنسجا شرما کی والدہ اور سینئر صحافی رشمی شرما نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی ہنسجا شرما نظم و ضبط کی سختی سے پابند ہیں اور خوراک، فٹنس اور جم پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔ یہاں تک کہ چھٹیوں کے دوران گھر پر بھی وہ ایک افسرانہ طرزِ زندگی اختیار کئے رکھتی ہیں۔ رشمی شرما نے کہا کہ ان کی بیٹی نے خاندان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کے سامنے ہلینہ میزائل سسٹم کے ساتھ ان کی پیشکش ایک حیران کن لمحہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ماں ہونے کے ناطے انہوں نے اپنے بچوں کے لیے ہر ممکن قربانی دی۔آج ہنسجا انہیں کام چھوڑنے کا مشورہ دیتی ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہتی ہیں کہ ایک صحافی ہونے کے ناطے وہ ضرورت مند لوگوں کی مدد کر سکتی ہیں۔
دریں اثنا کیپٹن ہنسجا شرما کی اس تاریخی کامیابی پر کئی سیاسی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی ہے، جن میں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما اور سابق وزیر و بی جے پی رہنما ڈاکٹر نرمل سنگھ شامل ہیں۔ تمام رہنماؤں نے کیپٹن ہنسجا شرما کو ملک کی بیٹی قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک نئی مثال بتایا۔