پامپور کو ضلع کا درجہ دیا جائے، ریجینل ڈیولپمنٹ فورم پامپور کا مطالبہ
ضلع پلوامہ کے اسمبلی حلقوں اونتی پورہ، ترال اور پامپور سے ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
ترال: جنوبی کشمیر کا پلوامہ ضلع فی الوقت چار اسمبلی حلقوں پلوامہ، راجپورہ، ترال اور پامپور پر مشتمل ہیں۔ تاہم پچھلے کئی ہفتوں سے اونتی پورہ، ترال اور پامپور سے ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
پچھلے کئی ہفتوں سے ترال اور اونتی پورہ میں ضلع کا درجہ دینے کے حوالے سے آوازیں بلند ہورہی ہیں، اسی بیچ پامپور میں بھی ریجنل ڈیولپمنٹ فورم نام کے غیر سیاسی پلیٹ فارم نے پریس کانفرنس کر کے پامپور کو ضلع کا درجہ دینے کی مانگ کی۔
پریس کانفرنس میں مختار احمد تانترے، ایڈوکیٹ اعجاز احمد، عبدالمجید وانی، مروت حسین اور دیگر معزز افراد موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران فورم نے الزام عائد کیا کہ پامپور کو اب تک سیاسی اور سماجی سطح پر نظر انداز کیا گیا ہے، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس علاقے کو انتظامی سطح پر باضابطہ ایک ڈسٹرکٹ کا درجہ دیا جائے۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ حکومت، پامپور کو ضلع بنائے گی یا ترال اور اونتی پورہ کو ضلع کا درجہ دے گی، یہ تو آنے والے وقت میں پتہ چلے گا۔ فی الوقت حد بندی کے حوالے سے کسی بھی جگہ کام نہیں ہو رہا ہے اور اسی کے پیش نظر یہ معاملہ سیاست دانوں کے لیے ایک ایشو بن گیا ہے۔ وہیں سماجی سطح پر بھی یہ موضوع بحث بن گیا ہے۔