کانگریس کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد ٹوٹنے کی خبریں بد نیتی پر مبنی اور من گھڑت

ہم اس وقت تک کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے جب تک ریاست کا درجہ بحال نہیں ہو جاتا/ طارق قرہ

0

سرینگر /21جنوری /سی این آئی //       کانگریس کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد ٹوٹنے کے دہانے پر ہے کی خبروں کو بد نیتی پر مبنی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کانگریس کے صدر طاریق حمید قرہ نے کہا کہ ریاست کی بحالی ہمارا بنیادی موقف ہے۔ ہم اس وقت تک کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے جب تک کہ ریاست کا درجہ بحال نہیں ہو جاتا۔سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد ٹوٹنے کے دہانے پر ہے اور کہا کہ پھیلی جانے والی خبریں بد نیتی پر مبنی اور من گھڑت ہے ۔

قرہ نے زور دے کر کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور کانگریس اس اتحاد اور موجودہ نظام کی حمایت میں پابند ہے۔انہوں نے کہا ” یہ محض بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی، من گھڑت اور تعمیر شدہ افواہیں ہیں۔ میرے پاس اس کے بارے میں کہنے کو بہت کچھ نہیں ہے۔ یہ جواب دینے کی چیز نہیں ہے۔ “

قرہ نے تاہم مزید کہا کہ وہ ریاست کی بحالی کے اپنے بنیادی مطالبے کا اعادہ کر رہے ہیں اور جب تک ریاست بحال نہیں ہو جاتی وہ کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔انہوں نے کہا ”ریاست کی بحالی ہمارا بنیادی موقف ہے۔ ہم اس وقت تک کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے جب تک کہ ریاست کا درجہ بحال نہیں ہو جاتا۔ “

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر کئی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کانگریس جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.