یومِ نوجوانان کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کا عظیم الشان اجتماع
زوری گنڈ میں حضرت علی اکبرؑ کے یومِ ولادت کی پرمسرت تقریب، نوجوانوں کی کثیر تعداد کی شرکت
سرینگر: نواسۂ رسول ﷺ، حضرت امام حسینؑ کے محبوب فرزند اور شبیہِ مصطفیٰ ﷺ حضرت علی اکبرؑ کے یومِ ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ زوری گنڈ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کو یومِ نوجوانان کے طور پر منایا گیا، جس میں مکاتب کے طلباء کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سعید کی نظامت کے فرائض ملک توفیق حسین صاحب نے انجام دیے، جبکہ معروف دینی شخصیات نے خطاب کیا، جن میں حجت الاسلام سید محمد حسین صفوی، اور حجت الاسلام مولانا غلام محمد گلزار صاحب حجت الاسلام سید محمد حسین موسوی صاحب شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں نوجوانوں کے کردار، ان کی تربیت اور صالح معاشرے کی تشکیل میں ان کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی قوم کے عروج و زوال کا دار و مدار نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور ان کی فکری و عملی استعداد پر ہوتا ہے۔ علمائے دین حضرات نے حضرت علی اکبرؑ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی ترین سرمایہ ہوتے ہیں۔ دینِ اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لیے ایک تعلیم یافتہ، دیندار اور معاملہ فہم نوجوان طبقے کا وجود از حد ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت علی اکبرؑ نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اطاعتِ خدا، محبتِ رسول ﷺ اور دفاعِ امامت و ولایت کے لیے وقف کر دیا۔ آپ کی سیرتِ طیبہ نوجوانوں کے لیے ایک مکمل نمونہ عمل اور مشعل راہ ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ نوجوانوں کو حضرت علی اکبرؑ کی حیاتِ مبارکہ سے روشنی لیتے ہوئے اپنی عملی زندگی میں دین و اخلاق کے اصولوں کو اپنانا چاہیے اور اپنی ذمہ داریوں کا تعین اسی بنیاد پر کرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر مکتب زوری گنڈ کے معلمات اور منتظمین کو ان کی شاندار کارکردگی پر تشویقی انعامات سے نوازا گیا۔ اس پُراثر اور روح پرور محفل نے شرکاء پر گہرا اثر چھوڑا اور نوجوانوں میں دین کی خدمت کا جذبہ مزید مستحکم کیا