” پانو پایس پیتو“ اور ”دود عشقُن جود گوم“کتابوں کی رسمِ رونمائی
کلچرل اکیڈیمی کے کانفرنس ہال میں تقریب کا انعقاد
سرینگر/جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے آج کانفرنس ہال ٹیگور ہال سرینگر میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں معروف ڈراما نگار اور فنکاردلدار اشرف شاہ کے کشمیری ڈراموں پر مبنی مجموعہ” پانو پایس پیتو“ اور محبوبہ مستور کا کشمیری شعری مجموعہ”دود عشقُن جود گوم“کتابوںکی رسمِ رونمائی انجام دی گئی۔ تقریب کی صدارت معروف ادیب،صحافی اورسماجی کارکن امداد ساقی نے کی، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری کشمیر کلچرل اکیڈیمی عدیل سلیم، ایڈیٹرشعبہ کشمیری کلچرل اکیڈیمی جاوید اقبال خان، کتابوں کے مصنف دلدار اشرف شاہ اور محبوبہ مستور بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے،۔
تقریب میں معروف ادیب، شاعر ، نقاد اور ساہتیہ اکادمی کشمیری بورڈ کے کنوینر پروفیسر شاد رمضان نے شعری مجموعہ”دود عشقُن جود گوم“ جبکہ معروف قلمکار گلشن بدرنی نے ڈراما مجموعہ ”پانو پایس پیتو“ پر مدلل اور مفصل تبصرہ پیش کیا،جنہیں حاضرین کی طرف سے سراہا گیا۔تقریب کے آغاز میںایڈیشنل سیکریٹری کشمیر عدیل سلیم نے مہمانوں کا استقبال کیا اور تقریب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
انہوں نے مزیدکہا کہ اکیڈیمی ہر زبان کی ترقی و ترویج کے لئے کام کررہی ہے اور یہ سلسلہ قلمکاروں،شاعروں، ادیبوں اور دانشوروںکے تعاون سے آگے بھی جاری رہے گا ۔اپنے صدارتی خطبے میں امداد ساقی نے دلدار اشرف شاہ اور محبوبہ مستورکے ادبی کارناموں کے حوالے سے روشنی ڈالی اوردونوں مصنفوں کی ادبی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے اُنکی کاوشوں کی سراہنا کی ۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دلدار اشرف شاہ اور محبوبہ مستور نےکلچرل اکیڈیمی کا شکریہ ادا کیا اور اپنی اپنی تازہتخلیقات کے حوالے سے گفت شنید کی ۔
تقریب کی نظامت کے فرائض شعبہ کشمیری کلچرل اکیڈیمی کے اسسٹنٹ ایڈیٹر ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے انجام دئے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری نے ہی شکریہ کی تحریک پیش کی۔تقریب میں ادیبوں، دانشوروں ، شاعروں اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنی والی شخصیات نے شرکت کی۔