وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا دورہ گاندربل ،اکھل کنگن پل کا کیا افتتاح
ہماری حکومت جموں و کشمیر میں ہمہ گیر ترقی اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم / عمر عبد اللہ
سرینگر / طویل انتظار کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وسطی ضلع گاندربل میں اکھل کنگن پل کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے ضلع میں عوامی رابطہ مہم پروگرام بھی منعقد کیا اور لوگوں کے مسائل و طالبات سننے ۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وسطی ضلع گاندربل میں اکھل کنگن پل کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ ممبر اسمبلی کنگن میاں مہر علی اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں پل کا افتتاح کیا۔دریائے سندھ کے پار پھیلا ہوا اکھل پل اس علاقے کی دیرینہ ضرورت تھا، جہاں مناسب کراسنگ نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔
پل، جس کی کل لمبائی 84 میٹر ہے، کو سال 2008 میں منظوری دی گئی تھی۔پل کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ایک پوسٹ میں لکھا ”کنگن میں دریائے سندھ پرطویل اکھل پل کا افتتاح کرنے کا اعزاز۔ یہ اہم بنیادی ڈھانچہ کنیکٹیویٹی میں اضافہ کرے گا اور لوگوں کے لیے سفر میں آسانی پیدا کرے گا“۔
انہوں نے مزید لکھا ”ہماری حکومت جموں و کشمیر میں ہمہ گیر ترقی اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے“۔پل کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے اپنے حلقہ انتخاب کے دفتر ڈاک بنگلہ، فتح پور، گاندربل میں عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو مطالبا ت سننے ۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عوامی رابطہ مہم کے تحت گاندربل میں عوامی وفود سے ملاقات کی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد خاص طور پر تاجر ، عوامی نمائندہ اور دیگر طبقوں سے وابستہ افراد تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل و مطالبات سے آگاہ کیا اور وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے لکھا تھا ” میں آج 12بجکر 30منٹ سے اپنے حلقہ انتخاب کے دفتر، ڈاک بنگلہ، فتح پور، گاندربل میں عام لوگوں سے ملاقات کروں گا“۔انہوں نے مزید لکھا تھا ”آپ کے تحفظات اور تجاویز سننے کا منتظر ہوں“۔
