ٹنل کے آر پار خراب موسمی صورتحال جاری ،گلمرگ ،سونہ مرگ ، گریز اور کپواڑہ کے کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری

24گھنٹوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان،4مارچ کی شام سے موسم میں بہتری آئیگی / محکمہ موسمیات

0

سرینگر /  وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے چلتے شہر آفاق گلمرگ ،سونہ مرگ ، گریز اور کپواڑہ ، بڈگام ، شوپیان اور کولگام کے کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بیچ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ۔ بارشوں کے باعث معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ تازہ برفباری اور بارشو ں کے نتیجے میں شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا۔

ادھر محکمہ موسمیات نے 24گھنٹوں تک مزید بارشوں اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے28 فروری تک بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال بدستور جاری ہے ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جبکہ گلمرگ ، پہلگام ، سونہ مرگ ، بڈگام ، گریز اور کولگام کے دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے ساتھ ساتھ بدھوار کو دن بھر ابر آلود موسم کے ساتھ بیشتر مقامات پر بارشیں ہوئی اور کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری درج ہوئی۔

پہہلگام ، ٹنگمرگ ، شوپیان ، بڈگام اور دیگر بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں اور جنوبی کشمیر کے کے علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے 28 فروری تک جموں و کشمیر دونوں صوبوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور برفباری ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 28 فروری تک کشمیر اور جموں دونوں صوبوں میں کچھ ایک مقامات پر بارش اور برفباری کے ساتھ زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔عہدیدار نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر سادھنا پاس، رازدھن پاس، سونمرگ زوجیلا گمری ایکسس، مغل روڈ، سنتھن پاس اور جموں و کشمیر کے پہاڑی اضلاع کی دیگر بڑی سڑکوں پر سطحی نقل و حمل میں عارضی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ اہلکار نے مزید کہا کہ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آبپاشی اور کھیتی کے دیگر کاموں کو روک دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ1 سے 2 مارچ تک، موسم کی صورتحال عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کچھ جگہوں پر ہلکی بارش اور برفباری ہوگی۔ جبکہ 3 مارچ کو جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ 4سے 6مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔عہدیدار نے برقرار رکھا کہ آنے والے دنوں میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.