رپورٹ: ماجد گنائی / ڈاکٹر پرویز یوسف
بارہمولہ، 12 اپریل 2025 – سینٹ جوزف ہائیر سیکنڈری اسکول بارہمولہ میں آج ایک پروقار اور جذباتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے چھ معزز اساتذہ کرام کی سبکدوشی کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس شاندار الوداعی تقریب میں اسکولی بچوں، تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھرپور شرکت کی اور سبکدوش ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل فادر بریٹو نے اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ استاد ایک عظیم شخصیت ہوتا ہے جو طلباء کی تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
سبکدوش ہونے والے اساتذہ میں محترم غلام نبی ڈار، محترم سلیم جوزف، محترم منظور احمد، محترم نثار احمد ڈار، محترمہ سطبیر کور، محترمہ سسٹر جوزفن، اور جناب مشتاق احمد میر شامل ہیں۔ خاص طور پر جناب غلام نبی ڈار صاحب نے چالیس سال کی خدمت اسکول کو پیش کی، جو اسکول کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "میں مطمئن ہوں کہ میں نے ہمیشہ ایمانداری اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیے۔ کبھی بھی بغیر تیاری کے کلاس میں داخل نہیں ہوا، جس نے مجھے کامیاب استاد بنایا۔”
ان کی نصیحت آمیز تقریر نے تمام اساتذہ کو گہرے غور و فکر پر مجبور کیا۔ اس دوران دیگر اساتذہ جیسے کہ جناب نثار احمد ڈار، جناب سلیم جوزف، محترمہ سطبیر کور اور محترمہ سسٹر جوزفن نے بھی اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کرتے ہوئے طلباء کو انمول مشورے دیے۔
اس موقع پر اسکول کی محترمہ محفل جی اور نائب پرنسپل فادر سوسائی نے بھی اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جناب مشتاق احمد میر کی پچیس سالہ سروس کو سلور جبلی تقریب کے طور پر منایا گیا، جو ان کے لیے ایک منفرد اعزاز تھا۔
تقریب کے اختتام پر اسکول انتظامیہ اور دیگر اساتذہ نے سبکدوش ہونے والے معزز اساتذہ کو اعزازی شیلڈز اور تحائف سے نوازا۔ بعد ازاں، کئی اساتذہ کرام جناب غلام نبی ڈار کے دولت خانے پر تشریف لے گئے جہاں ان کے اہل خانہ نے پرتپاک میزبانی کی۔
آخر میں، جناب مجتبیٰ صاحب نے جناب ڈار صاحب کی دوستی اور خدمات کے اعتراف میں دل کو چھو لینے والی گفتگو کی، جس نے ماحول کو مزید جذباتی بنا دیا۔
یہ تقریب نہ صرف سبکدوش ہونے والے اساتذہ کے لیے اعزاز کا موقع تھی بلکہ نئی نسل کے لیے بھی ایک سبق آموز پیغام تھی کہ تعلیم، خلوص، اور لگن سے کی گئی خدمت ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہے۔
