کشمیری زبان کو درپیش موجودہ مسائل پرادبی مرکز کمراز کا ٹیگور ہال میں اہم اجلاس
شاکر شفیع ادبی مرکز کمراز کے نائب صدر اوّل نامزد ، موجودہ قیادت کی مدت ِ کار میںتین سال کی توسیع
سرینگر / 14 اپریل: ادبی مرکز کمراز جموں و کشمیر نے کی آج ” کشمیری زبان کو درپیش موجودہ مسایل بشمولِ زبان کے تحفظ کے لئے رسم الخط کی اہمیت “ کے موضوع پر ایک اجلاس کا انعقاد کیا۔
اس اجلاس میں وادی کے مقتدر ادیبوں، قلمکاروں،موسیقاروں ، صحافیوںاورسیول سوسائٹی ممبران کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت اردو اور کشمیری زبان کے معروف قلمکار پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی، اُن کے ہمراہ پروفیسر نسیم شفائی اور صدر مرکز محمد امین بٹ بھی ایوان میں موجود رہے۔
اجلاس میں کشمیری زبان کو درپیش موجودہ مسائل بشمولِ زبان کے تحفظ کے لئے رسم الخط کی اہمیت اور چلینجز کو لیکر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کشمیری زبان کے رسم الخط میں تبدیلی کرنے کی کوشش کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوے اجلاس میں سرکار کو اس بات سے کیا آگاہ کیاگیا کہ نستعلیق ہی کشمیری زبان کا معتبراور تسلیم شدہ رسم الخط ہے اور اس میں تبدیلی سے اِس زبان کی تاریخی اور تمدنی اہمیت کو نقصان پہنچے گا۔
اس نشست میں شرکاءنے سرکار سے پرزور مطالبہ کیا کہ کشمیری زبان کو کلاسیکل زبان کا درجہ دیا جاے اور سرکاری زبان کی حیثیت سے اس کے جو حقوق ہیں اُن کے تحفظ کو یقینی بنایا جاے۔ موجودہ سرکار کے ذریعے ان معاملات کا ازالے کرانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے لئے صدرِ ادبی مرکز کمراز کو اختیارات دئے گئے۔
اجلاس کے صاحبِ صدرپروفیسر محمد زمان آزردہ نے ادبی مرکز کمراز کی اس کاوش کی سراہنا کرتے ہوئے حاضرین کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور مستقبل میں اس قسم کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں جن مقتدر شخصات نے شرکت کی اُن میں پروفیسر فاروق فیاض، عیاش عارف، شبیر مجاہد، وحید جیلانی، الطاف حسین، شکیل الرحمان، عنایت گُل، شفیع احمد،غلام محمد دلشاد، ذوالفقار احمد، رخسانہ جبین، غلام نبی ڈار حاجنی، شکیل قلمندر، اعجاز الحق، اعجاد احمد ککرو، سرپرست ادبی مرکز کمراز ڈاکٹر رفیق مسعودی، اشفاق لون، ڈاکٹر شفقت الطاف، مشتاق احمد مشتاق، گلزار احمد گنائی، شبیرمیزان شامل ہیں۔
اس اہم اور خصوصی اجلاس کے اختتام پر ادبی مرکز کمراز کے نائب صدر اول شاکر شفیع نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے دوران کاروانِ ادب ڈب گاندربل کے سینئر ممبر سید مسعود شاداب کا شعری مجموعہ ” کتھ سبزان ہنز“ کی رونمائی بھی انجام دی گئی۔
اجلاس سے پہلے صبح 11:00بجے ادبی مرکز کمراز کے مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس کانفرنس روم ٹیگور ہال میں ہی صدر مرکز کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں یہ اہم فصیلہ لیا گیا کہ ادبی مرکز کمراز کے عہدیداران کے توسیع کار میں باتفاقِ راے تین سال کی مدت کا اضافہ کیا گیا۔ سبھی ممبران نے مشترکہ طور پر موجودہ عہدیداران کی مدت میں توسیع کی توثیق کی۔
اس موقعہ پر شاکر شفیع کوباتفاقِ راے ادبی مرکز کمراز کا نایب صدر اوّل منتخب کیا گیا۔